گوادر پولیس کے 14 اہلکار نوکری سے فارغ کردیئے گئے

46

بلوچستان کے محکمہ داخلہ نے بلوچ آزادی پسندوں کے ہاتھوں اپنے اسلحات گنوانے والے گوادر ڈسٹرکٹ پولیس کے 14 اہلکاروں کو نوکریوں سے فارغ کر دیاہے۔

نوکری سے نکالے گئے اہلکاروں میں ایس آئی نیاز احمد ، مجید حسین، وارث علی ، بلال احمد، محمد یوسف ، زاہد علی،مرتضیٰ، سمیر، اکبر علی ، نور بخش، محمد اسحاق ، عبدالحکیم، خالد اور امجد علی شامل ہیں ۔

پولیس ذرائع کے مطابق 07 جون، 2026 کو تقریباً رات 8 بجے نامعلوم مسلح افراد نے پولیس اسٹیشن سنٹسر پر حملہ کر کے پولیس سے اسلحہ اور دیگر سرکاری سامان لوٹ لیا تھا اورحملے کے بعد حملہ آور آسانی سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

یاد رہے کہ بلوچستان میں مسلح تنظیموں کی سرگرمیوں اور ان کی قوت میں اضافے کے بعد پاکستانی فورسز پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں آئے روز پاکستانی فورسز کے تھانوں اور کیمپوں پر حملہ آور ہوتے ہیں اور انکے اسلحے اور دیگر فوجی ساز و سامان ضبط کرلیتے ہیں ۔ تاہم مقامی پولیس اہلکاروں کو جانی نقصان دئیے بغیر چھوڑ دیا جاتا ہے ۔