بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ آج بروز جمعرات 6144ویں روز بھی جاری رہا۔ کیمپ کی قیادت تنظیم کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کی۔
اس موقع پر مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا، جبری گمشدگیوں کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اور لاپتہ افراد کے لواحقین کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔
شرکاء نے لاپتہ افراد کی عدم بازیابی، ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تمام لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے اور اس سلسلے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ جبری گمشدگیاں انسانیت کے خلاف ایک سنگین جرم ہیں اور ایسے ماورائے قانون اقدامات کے خلاف ہر باشعور فرد کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ آواز بلند کرے۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں، طلبہ تنظیموں اور معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ جبری گمشدگیوں کے خلاف متحد ہو کر مؤثر آواز اٹھائیں تاکہ لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی ممکن بنائی جا سکے۔


















































