بلوچستان کے ضلع نوشکی کے مختلف مقامات پر پاکستانی فوج کے قافلوں کو نشانہ بنانے اور اہم تنصیبات کو نقصان پہنچانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نوشکی کے علاقے گلنگور میں گھات لگائے گئے مسلح افراد نے پاکستانی فوج کے قافلوں پر شدید حملے کیے۔ ذرائع کے مطابق ان حملوں میں فوج کی دو گاڑیاں تباہ ہو گئیں جبکہ 15 سے زائد اہلکار ہلاک ہونے کی غیر مصدقہ اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ تاہم سرکاری سطح پر ابھی تک ان اعداد و شمار کی تصدیق نہیں کی گئی۔
اسی دوران نوشکی کے علاقے گلنگور میں آر سی ڈی شاہراہ پر مرکزی پل کو بارودی مواد سے تباہ کر دیا گیا، جس کے باعث کوئٹہ اور تفتان کے درمیان زمینی رابطہ شدید متاثر ہوا ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق کیشنگی سے لیکر کردگاپ تک آر سی ڈی مرکزی شاہراہ پر بلوچ لبریشن آرمی کا کنٹرول برقرار ہے۔
دوسری جانب نوشکی کے علاقے احمد وال میں بھی کارروائیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جہاں بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں نے ایک ٹرین کو روک کر نذرآتش کر دیا۔















































