نوشکی میں حملے کے بعد 31 جولائی تک کرفیو نافذ

0

حکومت بلوچستان نے ضلع نوشکی میں مخدوش صورتحال کے پیش نظر 31 جولائی 2026ء کی شام 8 بجے تک کرفیو نافذ کر دیا ہے۔

ہوم ڈیپارٹمنٹ (جوڈیشل سیکشن-II) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹی نے رپورٹ کیا ہے کہ 28 جولائی کو نوشکی کے ویسٹرن بائی پاس پر قائم فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پر حملہ کیا، جس کے بعد آپریشن شروع کیا۔ رپورٹ کے مطابق ضلع میں سیکیورٹی صورتحال انتہائی حساس اور غیر یقینی ہو چکی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، حساس سرکاری تنصیبات اور قومی شاہراہ این-40 پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث عوام کی جان و مال، سرکاری املاک اور مسافروں و تجارتی سرگرمیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق آئندہ ماہ اگست کے دوران مزید واقعات کا خدشہ ہے، جن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے، سرکاری تنصیبات اور دیگر حساس مقامات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

نوٹیفکیشن کے تحت ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے 28 جولائی 2026ء کی رات 8 بجے سے 31 جولائی 2026ء کی رات 8 بجے تک ضلع نوشکی کی حدود میں مکمل کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

کرفیو کے دوران کسی بھی شخص کو مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت یا ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کے بغیر گھر سے نکلنے یا ضلع میں نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام عوامی اجتماعات، جلوس، غیر ضروری سفر اور نقل و حرکت پر پابندی عائد رہے گی۔