نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فوج کے قافلوں کو بم حملوں اور گھات حملوں میں نشانہ بنایا۔
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فوج کے قافلے میں شامل ایک گاڑی کو دھماکے میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
اس دوران مسلح افراد نے قافلے میں شامل مزید تین گاڑیوں کو خودکار ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، حملے میں پاکستانی فوج کے اہلکاروں کی ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ادھر ضلع مستونگ کے علاقے کردگاپ میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے ایک قافلے کو اس وقت حملے میں نشانہ بنایا جب قافلہ ایک اعلیٰ افسر کو سکیورٹی فراہم کررہا تھا۔
مذکورہ مقام سے شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جبکہ واقعے میں ہلاکتوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ مذکورہ دونوں علاقوں میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں اور ماضی میں پاکستانی فورسز پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی رہی ہیں، تاہم آج ہونے والے حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

















































