نوشکی: معدنیات لے جانے والی ٹرکوں اور سیکیورٹی پر حملہ، چھ پاکستانی فورسز اہلکار ہلاک

226

مسلح افراد نے حملے میں معدنیات لے جانے والی آٹھ ٹرکیں تباہ کردیں۔

بلوچستان کے ضلع نوشکی سے اطلاعات کے مطابق مسلح افراد کی بڑی تعداد نے سیندک سے سونا اور دیگر معدنیات لے جانے والی بیس سے زائد ٹرالر گاڑیوں اور ان کی سیکیورٹی پر راکٹوں اور دیگر ہتھیاروں سے حملہ کیا۔

اس دوران قافلے کی سیکیورٹی پر مامور پاکستانی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جن میں اب تک چھ اہلکاروں کی ہلاکت کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

حملے میں متعدد پاکستانی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حملے میں معدنیات سے بھری آٹھ ٹرکیں تباہ جبکہ دیگر کو نقصان پہنچا۔ حملے میں ٹرک ڈرائیوروں کے بھی مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر پاکستانی فورسز کی آمد شروع ہوگئی ہے، جبکہ جائے وقوعہ پر پولیس اور ایمبولینسز بھی روانہ کردی گئی ہیں۔

پاکستانی فورسز کے حکام نے تاحال واقعے کی تصدیق یا تردید نہیں کی، تاہم مذکورہ علاقے میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں منظم ہیں، جو ایسے واقعات میں اکثر ملوث رہے ہیں۔