پنجگور اور زامران میں پاکستانی فورسز پر حملے

129

بلوچستان کے ضلع پنجگور اور زامران میں پاکستانی فورسز کو دو مختلف واقعات میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ حملوں میں پاکستانی فورسز کی چوکی، جاسوسی کیمرے اور ایک ڈرون تباہ کیا گیا ہے۔

پہلا واقعہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پیش آیا جہاں چتکان کے علاقے میں قلم چوک پر واقع پاکستانی فورسز کی چوکی پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق حملے کے فوری بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

دوسرا واقعہ زامران کے علاقے ساہ دیم میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کی جانب سے نصب کردہ جاسوس کیمروں کو نشانہ بنایا۔ ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے ان کیمروں کو تباہ کرنے کے بعد فضا میں اڑائے گئے ایک جاسوس ڈرون کو بھی نشانہ بنا کر مار گرایا۔

بلوچستان میں حالیہ مہینوں کے دوران فورسز پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ آزادی پسند تنظیمیں ماضی میں ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی رہی ہیں، تاہم ان تازہ واقعات کے حوالے سے کسی تنظیم کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔