بلوچستان میں آج ایک بار پھر ریلوے سروس معطل کردی گئی ہے، جس کے باعث بلوچستان سے پنجاب کے راستے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس سمیت جناح ایکسپریس اور دیگر ٹرینوں کی روانگی اور آمد روک دی گئی ہے۔
مستونگ میں آج پاکستانی فورسز کے کیمپ پر حملے اور ہلاکتوں کے بعد بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سمیت دیگر اہم علاقوں میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
تاہم ریلوے حکام نے ٹرین سروس کی معطلی کی وجہ ریلوے ٹریک کی مرمت کے کام کو قرار دیا ہے، جس کے باعث درجنوں مسافر ریلوے اسٹیشن پر پھنس کر رہ گئے ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق مسافروں کو ٹکٹوں کی رقم واپس کردی جائے گی، ٹرین سروس کی اچانک معطلی کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس سے قبل 9 نومبر کو بھی ٹرین آپریشن معطل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آج مستونگ میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی “بی ایل اے” نے ایک فدائی حملے میں پاکستانی فورسز کے کیمپ کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد بلوچستان بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔
حکام نے پاکستانی فورسز پر حملے اور ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے، جبکہ تنظیم کے مطابق حملے میں پاکستانی فورسز کے 18 اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔














































