شہید میرعالم عرف سلمان — شال کا ریگل ستارہ – حمّل بلوچ (کمالان)

9

شہید میرعالم عرف سلمان — شال کا ریگل ستارہ

تحریر: حمّل بلوچ (کمالان)

دی بلوچستان پوسٹ

شہادت بذاتِ خود ایک کردار نہیں، بلکہ کسی کردار کی عظمتوں کی آخری ثبوت ہے کہ وہ شخص زندگی میں عظمت کی کن اونچائیوں کو چھو رہا تھا۔

ریاستی ظلم و ستم اور نوآبادیاتی پالیسیوں کے سائے میں کوئٹہ کے علاقے بروری میں پرورش پانے والے نوجوان شہید میرعالم بلوچ ریحانی فکر کے ساتھ 2019 میں تنظیم کا باقاعدہ حصہ بن کر شہر گوریلہ کے طور پر کام کرنا شروع کرتے ہیں۔ انہوں نے نہ صرف بلوچ قوم کی اسّی سالہ غلامی کو گہرائی سے محسوس کیا تھا بلکہ بہاولپور یونیورسٹی میں رہ کر نوآبادیات کی متصبانہ رویوں اور بلوچستان کے مقابلے وہاں کی تعلیمی و معاشی فرق کو بھی قریب سے دیکھا تھا، جس نے دشمن کے خلاف اس کی نفرت کو مزید بڑھا دیا تھا۔

مگر ایسا نہیں تھا کہ دشمن سے اس نفرت نے اپنے قوم سے محبت کرنے اور ایک مہربان سرمچار بننے سے روکا ہو۔ اسی نفرت اور محبت سے ملے جلے شہید میرعالم ایک ایسا کردار بن کر سامنے آتے ہیں کہ جسے کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔

ایک ایسا سرمچار جس کی موجودگی بھائی، بہن اور ماں کی کمی کو پُر کرتی تھی۔ کیمپ میں موجود ساتھی اس کی موجودگی پر بے فکری کی نیند سوتے تھے کہ میرعالم کی موجودگی میں دن بھر کا کوئی بھی کام ادھورا نہیں رہ سکتا اور نہ ہی کسی دوست کو کسی قسم کی تکلیف ہو سکتی تھی۔

ایک سنگت نے شہید میرعالم عرف سلمان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سنگت کے ساتھ بیٹھنے کے بعد مجھے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ بولان کا پورا پہاڑی محاذ اسی سنگت یعنی میرعالم ہی سنبھال رہے ہیں۔ وہ ایک کیمپ کمانڈر ہونے کے باوجود ایک اچھے ہمسفر، خیال رکھنے والے ساتھی اور انقلابی رویوں کو خود میں سمیٹے ہوئے ایک ایسے سرمچار تھے کہ جن کے بارے میں لفاظی چیزیں بیان کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

میرعالم ایک ایسے انقلابی ساتھی تھے کہ جنہوں نے اپنے اندر انقلابی ہونے کے تمام اوصاف اور صلاحیتیں سمیٹ رکھی تھیں کہ ایمانداری، مخلصی، دانشمندی، ساتھیوں اور وطن کے ساتھ وفاداری، باہمت اور باصلاحیت ہونے کے ساتھ ساتھ وہ احساسات سے بھرے ایک عظیم سپاہی بھی تھے۔

سنگت کہتے ہیں کہ کئی ماہ سوچ بچار کے بعد بھی وہ شہید میرعالم کے کردار پر لکھنے سے قاصر تھے کہ ان جیسے بلند پایہ باکردار سرمچار کے لیے الفاظ کی کمی کسی بھی لغت سے پوری نہیں کی جا سکتی تھی۔

سنگت کا کہنا تھا کہ شہید میرعالم بلوچ قومی تاریخ میں جنگ اور طاقت کے زور پر دشمن سے نمٹنے کے بڑے ہامی تھے اور پارلیمانی سمیت دیگر سیاسی پروگراموں میں سیاسی منافقانہ رویوں، دوغلے پن اور “کنٹریکٹ بیسڈ” سیاست کی شدید مخالف تھے، کہ جو قومی مقاصد سے پرے اپنا ہی قد تحریک اور تنظیم سے بالاتر رکھنے کے ایک حیلے بہانے ہیں۔

تنظیمی بیان کے مطابق شہید میرعالم معاشیات میں گریجویٹ، سیاسی شعور رکھنے والے ایک ایسے جنگجو تھے کہ جنہوں نے کچھ ہی وقتوں میں ہر محاذ پر اپنا لوہا منوا کر بولان جیسے سخت ترین محاذ پر کیمپ کمانڈر کے طور پر ذمہ داریاں اپنے ذمے لینے میں کامیاب ہو گئے۔

ان کے ایک ساتھی سرمچار کہتا ہے کہ شہید میرعالم کے چیزوں کو دیکھنے کا زاویہ بہت مختلف اور بااثر تھا۔ وہ چیزوں کو بہت گہرائی اور باریک بینی سے دیکھنے کے عادی تھے۔ چھوٹی سے چھوٹی غلطی بھی ان کے نزدیک مستقبل کے لیے سنگین خطرات کا پیش خیمہ ہوتی، اور چھوٹی سے چھوٹی ذمہ داری بھی ان کے نزدیک غیر معمولی اہمیت رکھتی تھی۔

ایسے عظیم کرداروں کو دیکھنے کے بعد یہ یقین مزید پختہ ہو جاتا ہے کہ بلوچ تحریک اب کارندوں کے بجائے تحریکی سطح پر کرداروں کی تعمیر کا بہترین کام سرانجام دے رہی ہے، جس کا ثمر جلد یا بدیر ایک باشعور قوم اور آزاد ریاست کی صورت میں سامنے آئے گا۔


دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں۔