بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے فائرنگ و دیگر واقعات میں مجموعی طور پر چار افراد جانبحق، چار زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کچھی میں حاجی شہر پولیس تھانے کی حدود میں واقع گوٹھ چشتی کے مقام پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا اور موقع واردات سے فرار ہوگئے۔
مقتول کی شناخت شہزاد ولد میر محمد، قوم گور کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب ڈیرہ بگٹی کے علاقے ساؤتھ میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر پانچ بچوں کی ماں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اپنی تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کردی۔
ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی، واقعے سے متعلق مزید تحقیقات مقامی پولیس کررہی ہے۔
ادھر کوئٹہ کے علاقے ارباب کرم خان روڈ پر واقع مری اسٹریٹ میں گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ماں اور بیٹی سمیت چار افراد شدید جھلس کر زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ گیس لیکج کے باعث پیش آیا۔
مزید برآں صحبت پور سٹی میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے دوران خان گولہ نامی اور ڈیرہ اللہ یار میں کرم شاہ کا رہائشی نوجوان علی کٹبار جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

















































