بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں کتاب کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے سابق سینیٹر اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حمداللہ نے کہا کہ ہم جس ملک میں رہتے ہیں، اس کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے، لیکن پاکستان نہ اسلامی ہے، نہ جمہوری اور نہ ہی محمد علی جناحؒ کا پاکستان ہے۔ یہاں پچیس کروڑ مسلمان رہتے ہیں، لیکن اسلام نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں جمہور تو ہے، لیکن جمہوریت نہیں۔ جس مقصد کے لیے یہ ملک بنایا گیا تھا، آج اس پر عمل نہیں ہو رہا۔ محسن نقوی جب مولانا فضل الرحمٰن کی گود میں بیٹھ کر کھانا اور حلوہ کھاتے تھے، تو اُس وقت انہیں کچن، جنریٹر اور سکیورٹی کیبن کیوں نظر نہیں آئے؟ آج مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے مولانا کے خاندان کی کردارکشی کی جا رہی ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حمداللہ نے مزید کہا کہ مولانا نے گورنر راج اور ایمرجنسی کی مخالفت اس لیے کی تھی کہ ان کی آڑ میں خیبر پختونخوا اور سابق فاٹا کے معدنی وسائل پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہ لینے والے تمام افراد سردار اختر مینگل کے خلاف بات کر رہے ہیں، کیونکہ اسٹیبلشمنٹ کو سردار اختر مینگل کا سیاسی مؤقف پسند نہیں۔ اب مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ بھی یہی کچھ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے، لیکن اس کے ساتھ ہمیں اپنا مؤقف بھی واضح کرنا ہوگا۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ ہم فارم 47 والی حکومت کے ساتھ بھی کھڑے ہوں اور اپوزیشن میں بھی رہیں۔
















































