نوشکی گرلز ڈگری کالج میں فائرنگ کا واقعہ، بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کا اظہارِ تشویش

0

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں گرلز ڈگری کالج میں فائرنگ کے واقعے میں تین طالبات کے زخمی ہونے پر بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ، پروفیسروں اور طلباء کی سلامتی کے لیے سیکیورٹی کے اقدامات غیر تسلی بخش ہیں، جس کے باعث تعلیمی ماحول میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان میں تعلیمی بہتری کے دعوؤں کے باوجود تعلیمی اداروں میں ایسے واقعات کا پیش آنا قابلِ تشویش ہے، اس سے قبل اساتذہ اور پروفیسروں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ اب طلباء بھی غیر محفوظ ہیں۔

تنظیم کے مطابق معیاری تعلیم کے لیے ایک محفوظ اور سازگار ماحول ضروری ہے، جہاں طلباء کسی خوف کے بغیر تعلیم حاصل کرسکیں، تعلیمی اداروں میں تشدد کے واقعات میں اضافہ بلوچستان میں شرحِ خواندگی کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نے نوشکی گرلز ڈگری کالج میں طالبات کو نشانہ بنانے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے اور واقعے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔