بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے حالات دن بدن تشویشناک ہوتے جا رہے ہیں۔ خصوصاً کوئٹہ، تفتان، خضدار اور کراچی کے اہم تجارتی راستوں پر مال بردار گاڑیوں کو شدید مشکلات اور عدم تحفظ کا سامنا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ، خضدار، کراچی اور تفتان کے روٹس پر سیکیورٹی کے نام پر ٹرکوں کو کانوائے کی صورت میں چلانے کے لیے مبینہ طور پر 20 ہزار روپے سے لے کر لاکھوں روپے تک وصول کیے جا رہے ہیں۔ بعض واقعات میں ٹرکوں کو راستے میں روک کر لاکھوں روپے مالیت کے سامان اور ٹرانسپورٹرز سے بھاری رقوم طلب کی جاتی ہیں۔ یہ صورتِ حال کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں اور قانون و انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔
ایسوسی ایشن نے وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف، وفاقی و صوبائی حکومتوں اور اعلیٰ سیکیورٹی حکام سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کے تجارتی راستوں پر ٹرانسپورٹرز کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے، آزادانہ نقل و حمل کو یقینی بنایا جائے اور سیکیورٹی سمیت کسی بھی تنظیم کے نام پر بھاری رقوم کی وصولی اور گاڑیوں کو روک کر ہراساں کرنے کے واقعات کا فوری نوٹس لیا جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر یہی صورتِ حال برقرار رہی تو ٹرانسپورٹرز ان راستوں پر گاڑیاں چلانے سے مجبوراً دستبردار ہو جائیں گے، جس کے نتیجے میں بلوچستان میں اشیائے خوردونوش، سبزیوں، ادویات اور دیگر ضروری سامان کی شدید قلت پیدا ہو سکتی ہے۔ پہلے ہی عدم تحفظ کے باعث ٹرانسپورٹرز اپنا مال اور گاڑیاں فروخت کرنے سے قاصر ہیں، جبکہ سی بی روڈ پر بھی حالات مسلسل تشویشناک ہوتے جا رہے ہیں۔
آخر میں ایسوسی ایشن نے وزیراعظم پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف سے اپیل کی ہے کہ خدارا بلوچستان کو مزید بحران سے بچایا جائے، ٹرانسپورٹرز کو تحفظ فراہم کیا جائے، غیر ضروری کانوائے کے نظام اور مبینہ بھتہ وصولی کا خاتمہ کیا جائے اور مال بردار گاڑیوں کو بلا خوف و خطر آزادانہ سفر کی اجازت دی جائے۔
ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان مسائل کا فوری اور عملی حل نہ نکالا گیا تو بلوچستان میں ٹرانسپورٹ کا پہیہ مکمل طور پر جام ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی غذائی قلت کی ذمہ داری متعلقہ حکام اور حکومت پر عائد ہوگی۔

















































