چاغی: ضلعی انتظامیہ کا شہریوں کو ہر وقت شناختی کارڈ ساتھ رکھنے کا حکم

0

چاغی میں ضلعی انتظامیہ نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو ہر وقت اپنا شناختی کارڈ ساتھ رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر دالبندین کی جانب سے جاری حکم نامہ کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر کے دوران اپنے ہمراہ شناختی کارڈ رکھیں، جبکہ بچوں کی صورت میں ب فارم بھی لازمی ساتھ رکھا جائے تاکہ ضرورت پڑنے پر متعلقہ اداروں کو پیش کیا جاسکے۔

ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے تمام ٹرانسپورٹرز، ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز، سرکاری و نجی ریسٹ ہاؤسز کے مالکان و منتظمین، نیز کرائے پر مکانات، دکانیں یا دیگر رہائشی مقامات فراہم کرنے والے افراد کو ہر شخص کی شناختی کارڈ، پاسپورٹ یا کسی مستند پروف کے ذریعے شناخت کی تصدیق کرنی ہوگی۔

حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ شناختی دستاویز کے بغیر کسی شخص کو رہائش، کمرہ یا مکان فراہم نہ کیا جائے، خلاف ورزی کی صورت میں مکان یا کسی قسم کی عارضی یا مستقل رہائش فراہم کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو حکم دیا ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کریں۔

چاغی میں یہ ہدایات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب علاقے میں بلوچ آزادی پسندوں کی جانب سے معاشی ناکہ بندی، پاکستانی فورسز پر حملوں اور معدنیات لے جانے والی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کے باعث سیکیورٹی صورتحال پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔