تربت: رضا غلام شاہ کو ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں نے جبری گمشدگی کی کوشش کے دوران فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ بی وائی سی

1

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے کہا ہے کہ رضا غلام شاہ ولد غلام شاہ، عمر 30 سال، بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت، کلاتک کے رہائشی تھے۔ اتوار، 9 نومبر 2026 کو انہیں ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں نے نشانہ بنا کر قتل کردیا۔

بی وائی سی کے مطابق، شام تقریباً 7 بجے رضا غلام شاہ اپنی دادی نور بی بی کے ہمراہ موجود تھے کہ اس دوران سفید رنگ کی ٹویوٹا کرولا میں سوار پانچ مسلح افراد نے انہیں جبری طور پر لاپتہ کرنے کی کوشش کی۔ رضا غلام شاہ کی جانب سے مزاحمت کرنے پر مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کی دادی نور بی بی اور والدہ زراتون بھی فائرنگ سے زخمی ہوگئیں۔

انہوں نے کہاکہ رضا غلام شاہ کا قتل بنیادی انسانی حق، بالخصوص حقِ زندگی اور تحفظ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہیں ان کی دادی کے سامنے مسلح تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا، جو خود بھی اس حملے میں زخمی ہوئیں۔ انہیں کسی قانونی کارروائی یا عدالتی عمل کے بغیر مسلح تشدد کے ذریعے زندگی سے محروم کردیا گیا، جس سے ان کے خاندان کو ناقابلِ تلافی نقصان اور صدمے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بی وائی سی بیان کے مطابق بلوچستان میں ڈیتھ اسکواڈز کی مسلسل سرگرمیاں، جبری گمشدگیاں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات بلوچ شہریوں کی زندگیوں اور بنیادی انسانی حقوق کے لیے مستقل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ کسی بھی شہری کو جبری طور پر لاپتہ کرنا، نشانہ بنانا یا قانون سے ماورا قتل کرنا قابلِ قبول نہیں۔ ریاست کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث عناصر کا احتساب کرے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی اقوام متحدہ، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور متعلقہ انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس واقعے پر خاموشی توڑیں اور عملی اقدامات اٹھائیں۔ واقعے کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں، قتل میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور بلوچستان میں جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات کا سلسلہ بند کیا جائے۔