بلوچستان: امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث مختلف اضلاع میں بلدیاتی پولنگ تا حکمِ ثانی ملتوی

22

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر 9 اگست 2026ء کو ہونے والی بلدیاتی ضمنی/مقامی پولنگ تا حکمِ ثانی ملتوی کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 140(A) اور 218(3)، الیکشنز ایکٹ 2017ء کی دفعہ 8، اور بلوچستان لوکل گورنمنٹ (الیکشن) رولز 2013ء کے رول 9 کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

میونسپل کارپوریشن خضدار: وارڈ نمبر 12
میونسپل کمیٹی قلات: وارڈ نمبر 13
ضلع حب: یونین کونسل (UC) نمبر 16 کا وارڈ نمبر 3 اور یونین کونسل نمبر 17 کا وارڈ نمبر 5

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ان علاقوں میں الیکشن نہیں ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امن و امان کی نازک صورتحال کے باعث پولنگ کا عمل روک دیا گیا ہے، اور نئی تاریخوں کا اعلان حالات بہتر ہونے پر بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے کئی بڑے شہروں میں بلوچ لبریشن آرمی اور دیگر آزادی پسند مسلح تنظیموں کی جانب سے سرکاری املاک اور فورسز پر حملوں کے پیش نظر کرفیو لگا دیا گیا ہے، جبکہ مسلح حملوں میں اضافہ بھی دیکھا گیا ہے۔