کوئٹہ سے جعفر ایکسپریس کی سروس دو روز معطل، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی سخت

112

کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی آمدورفت 14 اور 15 اگست کو دو روز کے لیے معطل رہے گی۔ ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی ٹرین سروس دو روز تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس ان دو روز کے دوران صرف جیکب آباد تک چلائی جائے گی۔

دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بند ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سڑکوں پر خندقیں کھودنے کے علاوہ متعدد علاقوں میں کرفیو جیسی صورتحال برقرار ہے۔

واضح رہے کہ حکومت بلوچستان اور سیکیورٹی فورسز نے اگست کے دوران ممکنہ حملوں کے خطرے کے پیش نظر مختلف علاقوں میں تھریٹ الرٹس جاری کیے ہیں۔ بعض علاقوں میں کرفیو نافذ، دفعہ 144 عائد جبکہ ڈبل سواری پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔

کوئٹہ میں بلوچستان پولیس اور انتظامیہ نے بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے ممکنہ حملوں کے خدشے کے پیش نظر سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔ شہر میں پولیس کے ساتھ اضافی فوجی اور نیم فوجی دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں۔