مستونگ کے علاقے شمس آباد ایریا میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے عیسائی برادری سے تعلق رکھنے والے 2 نوجوان جاں ہلاک ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک افراد کی شناخت ایوش مائیکل (21 سال) اور ساگر(24 سال) کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں نوجوان کرکٹ کھیلنے جا رہے تھے کہ شمس آباد ایریا میں نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد مشتعل لواحقین، خواتین، بچوں اور عیسائی برادری کے دیگر افراد نے احتجاجاً دونوں لاشیں نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال کے سامنے رکھ کر کوئٹہ۔کراچی قومی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی، جس کے باعث شاہراہ کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئیں، جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

















































