قلات: دو بینک افسران اغوا، مستونگ سے سرکاری گاڑی ضبط

1

مسلح افراد نے قلات اور مستونگ سے چار افراد کو اغوا کر لیا، جن میں سے دو کو بعد ازاں رہا کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات میں رودینجو کے قریب مسلح افراد نے ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی تلاشی لی اور مسلم کمرشل بینک (ایم سی بی) کے خضدار ریجن کے دو اعلیٰ افسران کو گاڑی اور ڈرائیور سمیت اغوا کرکے اپنے ہمراہ لے گئے۔

اغوا ہونے والے افسران میں ریجنل ہیڈ آپریشنز حاجی لشکر خان بنگلزئی اور ریجنل ہیڈ سیلز خالد گچکی شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق دونوں افسران 2 اکتوبر 2026 کو خضدار سے کوئٹہ جا رہے تھے کہ سہ پہر تقریباً تین بجے نامعلوم مسلح افراد نے قلات کے علاقے رودینجو میں ناکہ بندی کرکے انہیں اغوا کر لیا۔

اغوا کاروں نے بعد ازاں دونوں افسران کے ڈرائیور کو رہا کر دیا۔

ادھر مستونگ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مسلح افراد دو مرتبہ سوئی گیس کے زونل آفس پہنچے اور وہاں موجود سرکاری گاڑی کو ڈرائیور سمیت اپنے ہمراہ لے گئے۔

اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے بعد ازاں ڈرائیور کو رہا کر دیا، تاہم سرکاری گاڑی اپنے ہمراہ لے گئے۔

دونوں واقعات میں ملوث افراد کے بارے میں تاحال مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔