افغانستان کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ افغان فضائیہ نے گزشتہ شب بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں داعش سے وابستہ مراکز پر فضائی حملے کیے ہیں۔
وزارتِ دفاع کے مطابق یہ کارروائی ان مقامات کے خلاف کی گئی جہاں سے افغانستان کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور رابطہ کاری کی جا رہی تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کے علاقے گلستان اور شکر آب جبکہ خیبر پختونخوا کے علاقے قمبر خیل میں موجود متعدد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
وزارت نے دعویٰ کیا کہ آپریشن کے دوران تمام پہلے سے طے شدہ اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا اور کارروائی اپنے مقاصد کے مطابق مکمل ہوئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ افغانستان اپنی قومی سلامتی اور استحکام کو درپیش کسی بھی خطرے کو برداشت نہیں کرے گا اور ایسے خطرات کے خاتمے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گا۔
وزارتِ دفاع نے زور دیا کہ افغان سرزمین اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
اس معاملے پر پاکستان کی حکومت، وزارتِ خارجہ، وزارتِ دفاع یا فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ حکام کی جانب سے افغان وزارتِ دفاع کے دعوؤں کی نہ تو تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی تردید سامنے آئی ہے


















































