فیفا ورلڈ کپ 2026: کینیڈا کی تاریخی فتح، سوئٹزرلینڈ کی بڑی کامیابی، میکسیکو ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گیا

9

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے میچز میں دلچسپ مقابلے دیکھنے میں آئے جہاں کینیڈا نے قطر کو 0-6 سے شکست دے کر اپنی ورلڈ کپ تاریخ کی پہلی فتح حاصل کرلی، جبکہ سوئٹزرلینڈ نے بوسنیا ہرزوگوینا کو 1-4 سے ہرا دیا۔ دوسری جانب میکسیکو نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم کا اعزاز حاصل کرلیا۔

وینکوور میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں کینیڈا نے قطر کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 78 فیصد وقت گیند اپنے قبضے میں رکھی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے 16ویں منٹ میں لارین نے پہلا گول اسکور کیا، جبکہ جوناتھن ڈیوڈ نے 29ویں منٹ اور پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں دو گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-3 کی برتری دلائی۔

دوسرے ہاف میں بھی کینیڈا کے حملے جاری رہے۔ 64ویں منٹ میں سلیبہ نے چوتھا گول کیا جبکہ 75ویں منٹ میں قطر کے کھلاڑی منائی کی غلطی سے گیند اپنی ہی ٹیم کے جال میں چلی گئی، جو کینیڈا کا پانچواں گول ثابت ہوا۔ انجری ٹائم میں جوناتھن ڈیوڈ نے ایک اور گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ٹیم کی 0-6 کی شاندار فتح یقینی بنائی۔

اس کامیابی کے بعد کینیڈا نے تین قیمتی پوائنٹس حاصل کرکے مجموعی طور پر چار پوائنٹس کے ساتھ بہتر گول اوسط کی بنیاد پر گروپ بی میں پہلی پوزیشن سنبھال لی۔

سوئٹزرلینڈ نے بوسنیا ہرزوگوینا کو 1-4 سے شکست دی۔ لاس اینجلس میں کھیلا گیا یہ مقابلہ پہلے ہاف میں بغیر کسی گول کے برابر رہا، تاہم دوسرے ہاف میں سوئس ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 23 منٹ کے اندر چار گول داغ دیے۔

متبادل کھلاڑی یوہان منزمبی نے دو گول اسکور کیے جبکہ روبین ورگاس اور گرانیت زاکا نے ایک، ایک گول کیا۔ بوسنیا کو اس وقت مزید نقصان اٹھانا پڑا جب ان کے کھلاڑی موہاری مووچ کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔

بوسنیا کی جانب سے واحد گول محمک نے 93ویں منٹ میں کیا۔ اس فتح کے بعد سوئٹزرلینڈ بھی چار پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے تک رسائی کی دوڑ میں مضبوط پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

گروپ اے میں جنوبی افریقا اور جمہوریہ چیک کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔ اٹلانٹا میں کھیلے گئے میچ میں جمہوریہ چیک نے چھٹے منٹ میں میکال سیڈیلیک کے گول کی بدولت برتری حاصل کی جو ہاف ٹائم تک برقرار رہی۔

تاہم 83ویں منٹ میں پاویل شُلتس کے ہینڈ بال پر جنوبی افریقا کو پنالٹی ملی، جس پر ٹیبوہو موکوینا نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ اس ڈرا کے بعد دونوں ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کیا اور اگلے مرحلے تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں۔

ادھر گروپ اے کے ایک اور اہم میچ میں میزبان میکسیکو نے جنوبی کوریا کو 0-1 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ گواڈالاجارا میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے کا واحد گول لوئس رومو نے 50ویں منٹ میں اسکور کیا، جس نے میکسیکو کی اگلے مرحلے تک رسائی یقینی بنادی۔