بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے پوستی موکنٹوک زرد کوہ میں واقع ایک مائنز کمپنی کے لیبر کے لیے تعمیر کیے گئے کمروں پر مبینہ نامعلوم ڈرون حملے کے نتیجے میں کئی کمرے مکمل طور پر تباہ ہوگئے، جبکہ کمپنی کے قیمتی سامان کو بھی نقصان پہنچا۔
مائنز اونر ملک سمیع اللہ نوتیزئی کے مطابق گزشتہ روز پوستی موکنٹوک زرد کوہ میں واقع ان کی مائنز کمپنی کے لیبر کے لیے بنائے گئے کمروں کو مبینہ ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کئی کمرے مکمل طور پر تباہ ہوگئے اور وہاں موجود سامان کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
ملک سمیع اللہ نوتیزئی کے مطابق دھماکا انتہائی شدید تھا، جس کے باعث کمروں میں موجود سامان کے ٹکڑے کافی دور تک جا گرے۔
انہوں نے بتایا کہ علاقے میں خراب امن و امان کی صورتحال کے باعث تقریباً پانچ ماہ قبل مائنز کو بند کرنا پڑا تھا، تاہم کمپنی کا سامان اور دیگر ضروری اشیا موقع پر موجود تھیں، جو مبینہ حملے کے نتیجے میں تباہ ہوگئیں۔
مائنز اونر ملک سمیع اللہ نوتیزئی نے آئی جی ایف سی (ویسٹ) اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور معلوم کیا جائے کہ مائنز کے کمروں پر مبینہ ڈرون حملہ کس نوعیت کا تھا، جبکہ واقعے کے اصل حقائق بھی سامنے لائے جائیں۔
اس حوالے سے ایس پی چاغی کا کہنا ہے کہ مبینہ ڈرون حملے کے بارے میں مختلف ذرائع سے انہیں بھی اطلاع ملی ہے، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ ان کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد جو بھی حقائق سامنے آئیں گے، انہیں عوام کے سامنے لایا جائے گا


















































