افغانستان: پاکستانی فضائی حملوں میں 10 شہری ہلاک، 9 زخمی ہوئے۔یونام

1

افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (یوناما) نے بتایا کہ حملے صوبہ ہلمند اور پاکستان کی سرحد سے متصل صوبہ کنڑ میں ہوئے۔ مشن کے بیان کے مطابق ’’کم از کم 10 شہری ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر بچے ہیں اور نو افراد زخمی ہوئے۔‘‘

اس سے قبل طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے نو ہلاکتوں اور 11 زخمیوں کا بتایا تھا۔

دوسری جانب اسلام آباد نے ’’منصوبہ بند اور نپے تلے‘‘ حملوں کی تصدیق کی مگر مقامات نہیں بتائے۔ پاکستانی وزارت اطلاعات کے مطابق افغانستان میں دو مقامات کو ’’قابل اعتماد انٹیلی جنس کی بنیاد پر دہشت گردوں کے کیمپوں اور ٹھکانوں کو‘‘ ہدف بنایا گیا۔ وزارت نے ابتدائی طور پر 22 عسکریت پسندوں کی ہلاکت اور اسلحہ و بارود کی تباہی کا دعویٰ کیا۔

ہلمند کے دو رہائشیوں نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ان کے گاؤں پر تین فضائی حملے ہوئے۔ صفر گاؤں کے 50 سالہ عبدالواحد نے فون پر بتایا کہ حملوں میں چار افراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے۔

32 سالہ قدرت اللہ نے کہا کہ وہ اپنے گھر میں تھے جب پڑوسیوں کا گھر نشانہ بنا۔ ان کے مطابق ’’پورا علاقہ تباہ ہو گیا ہے‘‘ اور مکینوں کو حملے کی جگہوں سے دور رکھا جا رہا ہے۔

اطالوی تنظیم ’’ایمرجنسی‘‘ کے زیر انتظام لشکر گاہ ہسپتال کےحکام نے اے ایف پی کو بتایا کہ دو بچوں کو ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔