خضدار: مسلح ناکہ بندی، فورسز کو رسد پہنچانے والی گاڑی ضبط

1

مسلح افراد نے خضدار کے قریب سی پیک شاہراہ پر ناکہ بندی کرتے ہوئے گاڑیوں کی تلاشی لی۔

بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل کرخ سے اطلاعات کے مطابق کرخ کے مقام پر سی پیک شاہراہ پر مسلح افراد نے ناکہ بندی کی، جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔

اطلاعات کے مطابق اس دوران مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے کیمپ کو رسد پہنچانے والی ایک گاڑی کو ڈرائیور سمیت اپنی تحویل میں لے لیا۔

یاد رہے کہ خضدار کے علاقے نال میں گزشتہ شب مسلح افراد نے ایک نجی کمپنی کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کر کمپنی کے مالک کے بیٹے اور 19 مزدوروں کو حراست میں لینے کے بعد اپنے ہمراہ منتقل کردیا تھا، جو تاحال بازیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

خضدار میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں اور ناکہ بندیوں سمیت پاکستانی فورسز پر حملوں میں ملوث رہی ہیں، تاہم ان واقعات کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔