کوئٹہ میں ایک بار پھر موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اقدام سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے اور سروس چند گھنٹوں کے لیے بند رکھی جائے گی۔
تاہم حکام کی جانب سے سروس کی بحالی کے لیے کوئی واضح وقت نہیں بتایا گیا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کلات، مستونگ، نوشکی، زہری اور دیگر علاقوں میں آپریشن جاری جہاں پیدل فوجی دستوں کے علاوہ گن شپ ہیلی کاپٹر، ڈرون اور جیٹ بھی حصہ لے رہے ہیں۔
دریں اثنا، ضلع خضدار کے علاقے زہری میں گزشتہ روز ہونے والے ایک آپریشن کے حوالے سے بھی صورتحال توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ مقامی ذرائع اور اہلِ خانہ کے مطابق آپریشن کے دوران ایک سیاسی کارکن کو زخمی حالت میں حراست میں لے کر ایک حراستی مرکز منتقل کیا گیا تھا۔ اہلِ خانہ کا دعویٰ ہے کہ انہیں آج متعلقہ حکام کی جانب سے مذکورہ شخص کی موت کی اطلاع دی گئی ہے۔
تاحال حکام نے اس واقعے کے حوالے سے کوئی باضابطہ تفصیلی بیان جاری نہیں کی ہے۔



















































