افغانستان سے امریکی آلات بلوچ علیحدگی پسندوں کے ہاتھ لگ گئے- رپورٹ

1873

امریکی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے اندر حملے کرنے والے تخریب کاروں نے افغانستان میں رہ جانے والا امریکی اسلحہ حاصل کرلیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی نشریاتی ادارے نے صورت حال پر اپنی تازہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ جو تخریب کار پاکستان کے اندر حملے کرتے ہیں ان کو افغانستان میں رہ جانے والا امریکی اسلحہ مل گیا ہے-

امریکی سرکاری ریڈیو فری یورپ، ریڈیو لبرٹی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق مبصرین کا کہنا تھا کہ امریکی اسلحے کے حصول سے بلوچ علیحدگی پسندوں سمیت کالعدم ٹی ٹی پی کی عسکری صلاحیتوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلحے کی آمد سے گذشتہ دو برس کے دوران پاکستان میں کشیدگی میں اضافہ ہوچکا ہے۔

رپورٹس کے مطابق جب اگست 2021 یں امریکا نے افغانستان سے انخلا کیا تھا تو اس نے آتشیں اسلحہ، کمیونیکیشن گیئر اور آرمرڈ گاڑیوں سمیت تقریباً 7 ارب ڈالر مالیت کے فوجی آلات اور اسلحہ چھوڑ دیا تھا امریکی انخلا کے دوران افغان عبوری حکومت نے اسلحہ اپنے قبضے میں لیا تھا۔

ریڈیو نے رپورٹ کیا کہ افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد چند امریکی فوجی آلات اور ہتھیار پاکستان میں منتقل کردیے گئے جہاں اسے مسلح گروپس حکومت پاکستان کیخلاف لڑنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔