کوئٹہ: پاکستانی جھنڈوں کے اسٹال پر دستی بم حملہ

669

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے چودہ اگست کے لیے پاکستانی جھنڈے فروخت کرنے والی اسٹال کو دستی بم حملے میں نشانہ بنایا ہے۔

دستی بم حملہ رئیسانی روڈ پر کیا گیا۔ پولیس کے مطابق دستی بم حملے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا جبکہ فورسز  نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔

خیال رہے کہ اگست کا مہینہ آتے ہی مختلف علاقوں میں جھنڈے فروخت کرنے کے لیے اسٹال لگائے جاتے ہیں جہاں مختلف اوقات میں ان پر حملے بھی ہوتے رہے ہیں، ماضی میں اس نوعیت کے حملوں کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند تنظیمیں قبول کرتی رہی ہے۔

دوسری جانب تربت سے اطلاعات ہیں کہ سینما چوک کے مقام قائم پاکستان فورسز کی چوکی کو حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حملے میں فورسز کی چوکی کو مختلف نوعیت کے ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا جس میں فورسز کو نقصان کا سامنا رہا ہے۔

سرکاری سطح پر حملے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے اور ناہی حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول کی ہے۔