بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں مبینہ طور پر ایک نوجوان کو اغواء کرنے کی کوشش کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق جبکہ اس کی والدہ اور دادی زخمی ہوگئیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ اتوار کی شام تقریباً سات بجے تربت کے نواحی علاقے ڈبک، یونین کونسل کلاتک میں پیش آیا، جہاں پانچ مسلح افراد تین ٹویوٹا کرولا گاڑیوں میں سوار ہوکر غلام شاہ کے گھر پہنچے اور ان کے بیٹے رضا غلام کو اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کی جانب سے مزاحمت کیے جانے پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں رضا غلام موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ اس کی والدہ زرتون اور دادی نور بی بی گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئیں۔
بتایا جاتا ہے کہ نور بی بی اپنے پوتے کو حملہ آوروں سے بچانے کی کوشش کے دوران ہاتھ میں گولی لگنے سے زخمی ہوئیں۔ واقعے کے بعد دونوں زخمی خواتین کو علاج کے لیے طبی مرکز منتقل کردیا گیا۔
مقامی ذرائع نے الزام عائد کیا ہے کہ حملے میں ملوث مسلح افراد کا تعلق حکومت حمایت یافتہ مسلح گروہ سے تھا، جسے علاقے میں ’ڈیتھ اسکواڈ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں ڈیتھ اسکواڈز پر جبری گمشدگیوں، اغوا اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔ ہیومن رائٹس کونسل آف بلوچستان (HRCB) نے اپنی 2025 کی ششماہی رپورٹ میں مبینہ ڈیتھ اسکواڈز سے منسوب 22 ہلاکتوں کا ذکر کیا تھا، جبکہ تنظیم کی سالانہ رپورٹ کے مطابق 2025 کے دوران بلوچستان میں مجموعی طور پر 598 افراد کے قتل کے واقعات رپورٹ کیے گئے، جن میں سے 325 ہلاکتوں کی ذمہ داری پاکستانی فورسز اور ریاستی حمایت یافتہ مسلح گروہوں پر عائد کی گئی۔
تاحال واقعے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ، پولیس یا دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔


















































