کوئٹہ شہر میں گیس لوڈشیڈنگ کے بعد اچانک گیس کی بحالی کے باعث ایک گھر میں گیس بھر جانے سے زور دار دھماکہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں جمالی خاندان سے تعلق رکھنے والی خاتون اور اس کی کمسن بیٹی شدید جھلس گئیں۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں خاتون کا تقریباً 90 فیصد جبکہ بچی کا 60 فیصد جسم جھلس گیا۔ دونوں زخمیوں کو فوری طور پر کوئٹہ سول اسپتال کے برن یونٹ منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ماں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ بچی بھی شدید زخمی ہے۔
اہل علاقہ نے واقعے کی وجہ گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اچانک پریشر کے ساتھ گیس کی بحالی کو قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گیس کی بندش کے بعد اچانک فراہمی کے باعث گھروں میں گیس جمع ہونا انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔


















































