سرکاری ملازمین سراپااحتجاج، بلوچستان میں انسداد پولیو مہم ملتوی

229

 

بلوچستان میں پیر سے شروع ہونے والی 5 روزہ قومی انسداد پولیو مہم ملتوی کردی گئی ہے۔

سربراہ انسداد پولیو سیل کا کہنا ہے کہ مہم محکمہ صحت سمیت بلوچستان کے سرکاری ملازمین کے احتجاج کے باعث ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کی گئی ہے۔

سربراہ انسدادپولیو سیل راشد رزاق نے بتایا کہ بلوچستان کے تمام 33اضلاع میں 29 مارچ سے 5 روزہ انسداد پولیو کی قومی مہم شروع ہونا تھی جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں تھیں ۔

تاہم 29مارچ کو سرکاری ملازمین کے ممکنہ دھرنے کے باعث بلوچستان میں انسداد پولیو کی قومی مہم ملتوی کی گئی ہے، ملتوی کی گئی پولیو مہم اب 5 اپریل سے شروع ہو گی۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں سرکاری ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کیلئے 29مارچ کو کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔

جبکہ محکمہ تعلیم سے وابستہ ملازمین گزشتہ کئی روز سے پریس کلب کے سامنے سراپا احتجاج ہیں۔