خضدار : دو افراد کے اغواء کی کوشش ناکام، فائرنگ سے 2 افراد ہلاک، ایک زخمی

322

بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے باغبانہ میں دو افراد کو اغواء کرنے کی کوشش کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک اغواء کار سمیت مغوی ہلاک جبکہ ایک مغوی زخمی ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق لیویز فورس اور اغواء کاروں کے درمیان فائرنگ سے ہلاکتیں پیش آئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اغواکاروں نے ایک مغوی کو قتل اور دوسرے کو زخمی کردیا۔

جمعرات کے روز خضدار کے علاقہ باغبانہ سے مسلح اغواء کاروں نے ایک گاڑی میں دو افراد دین محمد اور حاجی خان محمد قوم باجوئی کو اغواء کرکے پہاڑوں کی جانب روانہ ہوگئے۔

لیویز فورس کو اطلاع ملنے پر انہوں نے اغواء کاروں کا پیچھا کرتے ہوئے انہیں پاشتہ خان ایریا میں گھیرے میں لیکر ان سے مغویوں کو چھڑانے کا مطالبہ کیا تاہم اغواء کاروں نے مغوی افراد کو چھوڑنے کی بجائے لیویز فورس پر فائرنگ شروع کی۔

فائرنگ تبادلے میں ایک اغواء کار ہلاک ہوا جبکہ اغواء کاروں نے ایک مغوی کو قتل اور دوسرے کو زخمی کردیا۔

دیگر اغواء کار فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں جنہیں لیویز فورس تلاش کررہی ہے۔