صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقہ روڑی میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے میں ایک اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقہ روڑی جہانگیر آباد میں فورسز کی گاڑی کو بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں سپاہی الیاس موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ تین اہلکار جن میں سپاہی عزیز، سپاہی پیر محمد اور صوبیدار فیاض شدید زخمی ہوگئے۔
دھماکے کے بعد زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کلاچی منتقل کر دیا گیا۔
واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
دوسری جانب تحریک طالبان پاکستان نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ آج اتوار کی صبح نو بجے کے قریب ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے روڑی روڈ پر فوج کی ایک گاڑی کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں ایک فوجی ہلاک اور تین زخمی اور ان کی گاڑی تخریب کا نشانہ بن گئی۔