مستونگ کے علاقے کلی کنڈاوہ کے قریب ایف سی کیمپ کو بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے نشانہ بنانے کی پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے متعدد ایف سی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔
پولیس دعوی کے مطابق، زخمی ہونے والے شہریوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کانک میں کلی کنڈاوہ کے قریب واقع ایف سی پوسٹ پر مبینہ خودکش حملے کے نتیجے میں متعدد ایف سی اہلکاروں زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق، بارود سے بھری ایک گاڑی ایف سی چوکی سے ٹکرا دی گئی، جس کے نتیجے میں شدید دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے بعد چوکی پر مختلف اطراف سے فائرنگ بھی کی گئی۔
پولیس کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ترجمان جیئند بلوچ نے ذرائع ابلاغ کو جاری بیان میں کہا ہے کہ تنظیم کے فدائی یونٹ مجید بریگیڈ نے مستونگ کے علاقے کانک میں کنڈاب (کنڈاوہ)کے مقام پر پاکستانی فوج کے کیمپ کو نشانہ بنایا۔
بی ایل اے کے بیان کے مطابق، بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے دھماکہ کرنے کے بعد تنظیم کے دیگر جنگجو کیمپ کے اندر داخل ہوئے اور وہاں موجود اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔
تنظیم نے اپنے ابتدائی بیان میں 18 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق، دھماکے کے نتیجے میں ایف سی کیمپ تباہ ہوگیا اور وہاں سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔
واقعے کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ حساس مقامات اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں اس سے قبل بھی فورسز کے کیمپوں پر ہونے والے حملوں کے بعد سرکاری سطح پر جانی نقصانات کی مکمل تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
تاہم آج ہونے والے حملے کے حوالے سے مقامی افراد اور پولیس کی جانب سے سامنے آنے والی معلومات میں بعض تضادات پائے جاتے ہیں۔
دوسری جانب مستونگ کے نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

















































