بی ایل ایف کی نوتشکیل خواتین یونٹ “کاڈ” کی تربیتی ویڈیو جاری

1
بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) نے اپنی نو تشکیل شدہ خواتین عسکری یونٹ “کریمہ آرمڈ اسالٹ ڈویژن” (کاڈ / KAAD) کی تشکیل اور پہلی عملی کارروائی کے بعد ایک ویڈیو شائع کر دی ہے۔

جاری کردہ ویڈیو میں “کاڈ” (KAAD) کے جہدکاروں کو تربیت حاصل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یونٹ کے تمام ارکان جدید اور بھاری اسلحے کے استعمال کی مشقیں کر رہے ہیں۔

مذکورہ خواتین فوجی یونیفارم میں ملبوس ہیں، تربیتی مناظر کے دوران “کاڈ” کی خواتین ارکان کو موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں چلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ویڈیو میں ارکان کو مارٹر گولے فائر کرنے، دستی بم پھینکنے، اور موٹر سائیکل سواری کے دوران چلتی گاڑیوں سے ہدف پر فائرنگ کرنے کی مشقیں دیکھی جاسکتی ہے۔

بی ایل ایف کی جانب سے خواتین یونٹ کا اعلان اس وقت کیا گیا جب گذشتہ روز تربت میں پاکستانی فوج کے قافلے کو شدید نوعیت کے حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان میجر گہرام بلوچ نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ بی ایل ایف کے نو تشکیل شدہ فیمیل یونٹ کریمہ آرمڈ اسالٹ ڈویژن کے سرمچاروں نے تربت کے قریب جوسک کے مقام پر سی پیک (CPEC) شاہراہ پر گھات لگا کر قابض پاکستانی فوج کی ایکشن ٹاسک فورس کے قافلے کو حملے کا نشانہ بنایا ہے۔

خیال رہے قبل ازیں بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے خاتون کمانڈر شہناز بلوچ عرف سدو کی ویڈیو شائع کی جاچکی ہے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ کوئی خاتون کمانڈر منظر عام پر آئی تھیں۔

مزید برآں رواں سال بی ایل اے کے آپریشن ہیروف دوم کے موقع پر بلوچ خواتین کو فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ آپریشن ھیروف کے وقت کوئٹہ، نوشکی، گوادر، پسنی اور دیگر علاقوں میں بلوچ خواتین نے آپریشن میں حصہ لیا تھا۔