لیونل میسی کا ارجنٹائن کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

5

ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر اور قومی ٹیم کے کپتان لیونل میسی نے دو دہائیوں پر محیط بین الاقوامی کیریئر کے بعد ارجنٹائن کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

39 سالہ لیونل میسی نے 31 اگست کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری ایک جذباتی بیان میں کہا کہ ورلڈ کپ فائنل کے بعد طویل غور و فکر کے بعد انہوں نے قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی میسی نے ارجنٹائن کی سینئر قومی ٹیم کے لیے 2005 میں ڈیبیو کیا تھا اور اپنے آخری میچ تک وہ ٹیم کے سب سے زیادہ میچز کھیلنے والے اور سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی رہے،  میسی نے ارجنٹائن کے لیے 207 میچز کھیل کر 125 گولز اسکور کیے، جو دونوں شعبوں میں قومی ریکارڈ ہیں۔

میسی نے ارجنٹینا قومی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے ارجنٹائن کو طویل عرصے تک بڑے اعزازات کی دوڑ میں رکھا، ان کی قیادت میں ارجنٹائن نے 2021 کوپا امریکا، 2022 فائنلیسیما، 2022 فیفا ورلڈ کپ اور 2024 کوپا امریکا کے ٹائٹلز جیتے، جبکہ 2026 ورلڈ کپ میں ارجنٹائن ان کی قیادت میں فائنل تک پہنچا۔

اسی طرح سال 2014 کے ورلڈ کپ میں میسی کی قیادت میں ارجنٹائن فائنل تک پہنچا، جہاں جرمنی نے اضافی وقت میں ایک گول کے ذریعے کامیابی حاصل کی، اس کے بعد 2015 اور 2016 کے کوپا امریکا فائنلز میں بھی ارجنٹائن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس کے بعد میسی کے بین الاقوامی کیریئر کا سب سے کامیاب دور شروع ہوا جہاں سال 2021 میں میسی نے ارجنٹائن کو برازیل میں منعقدہ کوپا امریکا کا ٹائٹل جتوایا، جو سینئر قومی ٹیم کے ساتھ ان کا پہلا بڑا اعزاز تھا۔

سال 2022 میں ارجنٹائن نے اٹلی کو شکست دے کر فائنلیسیما جیتی، جبکہ اسی سال قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں میسی نے ارجنٹائن کو 36 سال بعد عالمی چیمپئن بنایا۔

اس ورلڈ کپ میں میسی نے 7 گول کیے اور گولڈن بال حاصل کی۔ وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں دو مرتبہ گولڈن بال جیتنے والے پہلے کھلاڑی بھی بنے۔

2024 میں ارجنٹائن نے کوپا امریکا کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا، جس کے بعد میسی کی قیادت میں ارجنٹائن نے مسلسل بڑے بین الاقوامی ٹائٹلز حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

2026 کے ورلڈ کپ میں بھی میسی نے ارجنٹائن کی قیادت کی اور ٹیم فائنل تک پہنچی، تاہم فائنل میں اسپین کے ہاتھوں شکست کے بعد ارجنٹائن عالمی چیمپئن شپ کا دفاع نہ کرسکا۔

میسی عالمی کپ میں ارجنٹائن کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں اور ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گولز اور اسسٹس فراہم کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

اپنے ریٹائر منٹ اعلان میں میسی نے کہا کہ گذشتہ فائنل کے بعد انہوں نے اپنے مستقبل کے بارے میں بہت سوچا اور بالآخر قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا یہ فیصلہ انہیں اندر سے تکلیف دیتا ہے اور اب بھی تکلیف دے رہا ہے، تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ اب یہی درست وقت ہے۔

میسی نے کہا کہ انہوں نے صرف ان چند برسوں میں نہیں جب ارجنٹائن نے سب کچھ جیتا بلکہ اس سے پہلے بھی قومی ٹیم کے لیے ہمیشہ اپنا سب کچھ دیا ان کی ہمیشہ کوشش رہی کہ ارجنٹائن کے عوام کو خوشی دیں اور انہیں فٹبال کے ذریعے ارجنٹائنی ہونے پر فخر محسوس کرا سکیں۔

میسی نے قومی ٹیم میں آنے والے نوجوان کھلاڑیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بہترین نوجوان کھلاڑی سامنے آ رہے ہیں جو ٹیم میں جگہ بنانے کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ارجنٹائن قومی ٹیم کا حصہ بننے سے محبت کرتے تھے، کرتے ہیں اور ہمیشہ کرتے رہیں گے، تاہم انہوں نے جو کچھ دے سکتے تھے وہ سب دے دیا اور اب ان کے پاس مزید دینے کے لیے کچھ نہیں ہے۔

میسی نے کہا کہ وہ اب قومی ٹیم کو باہر سے ایک عام مداح کی حیثیت سے سپورٹ کریں گے، اچھے وقتوں میں بھی اور مشکل وقتوں میں اس سے بھی زیادہ۔

انہوں نے اپنے خاندان، کوچز، ساتھی کھلاڑیوں اور ٹیم کے عہدیداروں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ساتھ ناقابل فراموش یادیں اور لمحات لے کر جا رہے ہیں۔

میسی نے کہا کہ وہ اطمینان اور فخر کے ساتھ قومی ٹیم سے رخصت ہو رہے ہیں کیونکہ انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر ارجنٹائن کے عوام کو وہ لمحات دیے جن کا کبھی خواب دیکھا جاتا تھا۔

انہوں نے اپنے بیان کا اختتام کرتے ہوئے کہا خدا کا شکر ہے کہ اس نے مجھے ارجنٹائنی بنایا۔