چاغی: ریکوڈک پروجیکٹ کے قافلے اور سکیورٹی پر حملہ، مسلح افراد نے لیویز چوکیوں پر قبضہ کرلیا

0

چاغی میں مسلح جھڑپیں اور لیویز چوکیوں پر قبضہ، جھڑپوں میں جانی نقصانات کی اطلاعات

بلوچستان کے ضلع چاغی سے اطلاعات کے مطابق چاغی کانال اور لیڑہ ریک کی دو چوکیوں پر مسلح افراد نے قبضہ کرکے وہاں موجود تین گاڑیاں، ایک ایل ایم جی اور مزید چار ہتھیار اپنے قبضے میں لے لیے۔

اطلاعات کے مطابق اس موقع پر مسلح افراد نے وہاں موجود اہلکاروں کو یرغمال بنانے کے بعد رہا کردیا۔

دوسری جانب چاغی کے علاقے نوکچاہ میں مسلح افراد نے ریکوڈک پروجیکٹ کے قافلے اور اس پر مامور سکیورٹی فورسز کو حملے کا نشانہ بنایا، جہاں کافی دیر تک مسلح افراد اور پاکستانی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔

حملے میں پاکستانی فورسز کو جانی نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ پاکستانی فورسز کے حکام نے حملے کے بعد آپریشن اور جوابی کارروائی میں 11 حملہ آوروں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے ریکوڈک پروجیکٹ اور پاکستانی فورسز کے قافلے کو اس وقت حملے کا نشانہ بنایا جب پروجیکٹ کے قافلے کو سکیورٹی حصار میں چاغی سے کوئٹہ لے جایا جارہا تھا۔

علاقے میں سکیورٹی صورتحال کشیدہ ہے، جبکہ مختلف مقامات پر مسلح افراد کی موجودگی اور فورسز کے ساتھ جھڑپوں کے اطلاعات ملی ہیں۔