معروف فٹبالر لیونل میسی کے والد جورج میسی 68 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

35

ارجنٹائن کے معروف فٹبالر لیونل میسی کے والد اور سابق ایجنٹ جورج میسی 68 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق جورج میسی طویل عرصے سے علیل تھے اور جمعہ کی شب ارجنٹائن کے شہر روساریو کے ایک طبی مرکز میں انتقال کرگئے، ان کے اہلخانہ نے بھی ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔

جورج میسی نے اپنے بیٹے لیونل میسی کے فٹبال کیریئر میں اہم کردار ادا کیا، وہ میسی کے ابتدائی کیریئر سے ہی ان کے معاملات دیکھتے رہے اور طویل عرصے تک ان کے ایجنٹ بھی رہے۔

رپورٹس کے مطابق میسی کے والد اپنی زندگی کے آخری مہینوں میں اہلخانہ کے ہمراہ رہے، جبکہ لیونل میسی بھی ان کی علالت کے دوران ان سے ملنے روساریو گئے تھے۔

جورج میسی کے انتقال پر فٹبال کی دنیا سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جن میں میسی کے سابق کلب بارسلونا، ان کے بچپن کے کلب نیولز اولڈ بوائز اور ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن بھی شامل ہیں۔