بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں گیت کے مقام پر باغ میں کام کرنے والے مزدوروں پر ڈرون حملے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ کھڈکوچہ کے علاقے گیت میں پیش آیا، جہاں مزدور باغ میں کام میں مصروف تھے کہ اس دوران ڈرون حملہ ہوا۔ حملے کے نتیجے میں چار مزدور موقع پر جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔
واقعے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں علی رضا مینگل ساکن کھڈکوچہ، نصیب اللہ ابڑو ساکن حاجی شہر کچھی اور خالد حسین ساکن حاجی شہر کچھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت گل خان مغیری، ساکن حاجی شہر، عمران، ساکن حاجی شہر، عبیداللہ، ساکن حاجی شہر، اور جہانزیب ابڑو کے نام سے ہوئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد باغ میں مزدوری کرتے تھے۔
واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پائی جاتی ہے۔


















































