ڈیرہ مراد جمالی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں دو خواتین سمیت تین افراد جانبحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی کی حدود غربی اقبال ٹاؤن میں اسرار احمد ہجوانی نامی ملزم نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی، ساس اور سسر غلام یاسین کو قتل کردیا اور موقع واردات سے فرار ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کردیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ گھریلو ناچاقی کا نتیجہ بتایا جا رہا ہے، پولیس نے ورثا کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی ڈیرہ مراد جمالی میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پسند کی شادی کرنے پر ایک خاتون اور ایک شخص کو قتل کر دیا تھا، مقتولین کا تعلق بلوچستان کے ضلع نوشکی سے تھا۔
ڈیرہ مراد جمالی میں اس سے قبل بھی متعدد واقعات میں خواتین کو گھریلو تشدد کے بعد قتل کیا جا چکا ہے، جبکہ کئی واقعات میں خواتین کو غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔
تاہم خواتین کے خلاف جاری تشدد کی روک تھام کے حوالے سے حکام کی جانب سے تاحال کوئی خاطر خواہ اقدام سامنے نہیں آ سکا، جس سے خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں میں تشویش پائی جاتی ہے۔


















































