بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پنجگور سے تعلق رکھنے والے تاجر سمیت چار افراد ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجگور کے علاقے خدابادان سے تعلق رکھنے والے تاجر حاجی سمیع اللہ بلوچ ضلع واشک کے علاقے بسیمہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
ادھر تربت میں جوسک پھٹان ہوٹل کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔ مقتول کی شناخت احمد جان ولد ملنگ، سکنہ گوکدان کے نام سے ہوئی ہے۔
ضلع تمپ کی تحصیل مند میں بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں گاڑی میں سوار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے گوبرد مند کے رہائشی ماجد ولد رسول بخش ہلاک ہوگئے۔
دوسری جانب گزشتہ شب گیبن کلاتک زبیدہ جلال روڈ سے ملنے والی لاش کی شناخت شیر جان ولد منیر احمد، سکنہ سورگ بازار کلاتک کے نام سے کرلی گئی ہے۔ متوفی کی شناخت ان کے چچا نے کی۔
ادھر پسنی کے علاقے کُلی ہلک میں مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کی شناخت حکیم مجید، سکنہ کلانچ، اور ریاض عالی، سکنہ بسول اورماڑہ، کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں زخمیوں کو پاک اومان اسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا۔
فائرنگ کے ان واقعات میں ملوث ملزمان اور واقعات کے محرکات سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

















































