بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے رکن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، واقعے کے خلاف احتجاج
گزشتہ شب بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے پارٹی ورکر عارف مینگل کو قتل کردیا۔
فائرنگ کا واقعہ کوئٹہ کے علاقے ویسٹرن بائی پاس پر پیش آیا، جس کے خلاف لواحقین اور پارٹی کارکنوں نے ویسٹرن بائی پاس پر دھرنا دے دیا۔
یاد رہے کہ کوئٹہ و بلوچستان کے دیگر علاقوں میں اس سے قبل بھی بی این پی مینگل رہنماء اور ورکر قتل ہوئے، جہاں پارٹی کی جانب سے کارکنان و پارٹی ذمہ داران کے قتل کا الزام ریاستی سیکورٹی فورسز اور مقامی ڈیتھ اسکواڈز پر عائد کیا جاتا رہا ہے۔
ادھر رات گئے بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے بختیار آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے نیشنل پارٹی کے رہنماء و سابق ایم پی اے یاسمین لہڑی کے والد نور احمد لہڑی کو ان کے گاؤں، موضع حسین آباد، سے اغوا کرلیا۔
پولیس انتظامیہ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعے کا نوٹس لے لیا، تاہم اغوا کاروں کے بارے میں تاحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔



















































