بلوچستان کے علاقے پنجگور میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے پوسٹ کو مسلح حملے میں نشانہ بنایا ہے۔
گذشتہ شب پنجگور کے علاقے پروم میں مسلح افراد نے فورسز پوسٹ پر حملہ کیا جہاں دیر تک شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آواز سنی گئی۔
علاقائی ذرائع کے مطابق حملے کی زد میں آنے والی پوسٹ نئی تعمیر شدہ ہے جس پر کام جاری تھا کہ مسلح افراد نے اس پر حملہ کیا۔ حکام نے تاحال واقعے کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔
مزید برآں گذشتہ پنجگور میں گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد دو ہوگئی ہے۔
گذشتہ شب پنجگور کے علاقے سوردو میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں حاتم نامی ایک شخص موقع پر ہلاک جبکہ حلیم اور بہروز شدید زخمی ہوئے تھیں تاہم بعدازاں حلیم بھی زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق حکومتی حمایت یافتہ مسلح گروہ ‘ڈیتھ اسکواڈ’ سے بتایا جاتا ہے۔ مذکورہ دونوں حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔


















































