نوشکی: پاکستانی فوجی قافلے پر گھات لگا کر حملہ

28

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں احمد وال کے علاقے میں مسلح افراد نے پاکستانی فوج کے ایک قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے فوری طور پر نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ احمد وال میں واقع پھاٹک کے مقام پر پیش آیا، جہاں پاکستانی فورسز کی تین گاڑیوں پر مشتمل ایک قافلہ گزر رہا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح حملہ آوروں نے پہلے سے گھات لگا رکھی تھی اور قافلے کے مقام پر پہنچتے ہی اس پر فائرنگ شروع کر دی۔

عینی شاہدین کے مطابق علاقے میں فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان کچھ وقت تک جھڑپ جاری رہی۔

تاحال کسی سرکاری ادارے یا فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے حملے کی باضابطہ تصدیق یا تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ کسی تنظیم نے بھی فوری طور پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پاکستانی فورسز پر حملوں کے متعدد واقعات رپورٹ ہوتے رہتے ہیں، جن میں مسلح تنظیموں کی جانب سے گھات لگا کر حملے اور سڑک کنارے نصب دھماکا خیز مواد کے استعمال کے واقعات شامل ہیں۔