جھل مگسی: اغوا شدہ پولیس اہلکار رہا

3

پولیس تھانوں اور چوکیوں پر مسلح افراد کے حملوں کے دوران اغوا ہونے والا پولیس اہلکار بازیاب ہوگیا۔

بلوچستان کے ضلع جھل مگسی کی تحصیل گنداواہ میں گزشتہ روز مسلح افراد کی جانب سے گنداواہ پولیس چوکی پر حملے کے بعد مبینہ طور پر اغوا کیے گئے گنداواہ کے رہائشی پولیس اہلکار شاہ مراد آرائیں کو رہا کردیا گیا ہے۔

مذکورہ پولیس اہلکار کو مسلح افراد نے ایک چوکی پر حملے کے بعد اپنی تحویل میں لیا تھا، جبکہ مسلح افراد نے متعدد دیگر چوکیوں اور پولیس تھانوں کو بھی حملوں میں نشانہ بنایا تھا۔

مسلح افراد نے اس دوران پولیس چوکیوں میں موجود اسلحہ اور دیگر سرکاری سامان بھی ضبط کرلیا تھا۔

پولیس اہلکار کے اغوا کے بعد اُن کے اہلِ خانہ نے مسلح افراد سے اُن کی باحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد آج انہیں رہا کردیا گیا ہے۔