یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر سمیت دیگر مغوی ارکان کی عدم بازیابی کے خلاف یونیورسٹی کے اسٹاف اور طلبہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد، لیکچرر ڈاکٹر ارشاد بلیدی اور ڈرائیور حاتم کی گمشدگی کے خلاف بلوچستان بھر کی طرح گوادر یونیورسٹی کے اسٹاف اور طلبہ نے ریلی نکالی۔
مظاہرین نے اس موقع پر احتجاج کرتے ہوئے مغویوں کی بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ 14 مئی کو گوادر سے کوئٹہ جاتے ہوئے مستونگ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد، لیکچرر شکیل احمد اور ان کے ڈرائیور کو کھڈکوچہ کے مقام سے اغوا کرکے اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔
حکومت بلوچستان نے مغویوں کی بازیابی کے لیے آپریشن کا اعلان کیا تھا، تاہم ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود مغوی وائس چانسلر اور دیگر افراد تاحال بازیاب نہیں ہوسکے ہیں۔
گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور دیگر اسٹاف کے اغوا کے خلاف بلوچستان بھر کی جامعات میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ بلوچ سیاسی و انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مغویوں کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

















































