بلوچستان: 48 گھنٹوں کے دوران، ڈپٹی کمشنر، ایس ایچ او اور سات پولیس اہلکار اغوا

0

مسلح افراد نے بلوچستان سے ایک ڈپٹی کمشنر، سپریڈنٹ پولیس اور سات پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا ہے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع سے مسلح افراد نے گزشتہ دو دنوں کے دوران متعدد سرکاری افسران و پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا ہے، جو تاحال منظرعام پر نہیں آسکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خاران کے ڈپٹی کمشنر منیر احمد سومرو کو اتوار کے روز کوئٹہ سے خاران جاتے ہوئے پتکن برشونکی کے مقام سے اغوا کر لیا گیا، ان کے ہمراہ پولیس کانسٹیبل گن مین محمد یوسف، پولیس ڈرائیور پیرک اور ایک سویلین مہمان نصراللہ بھی مغویوں میں شامل ہیں۔

ادھر کوئٹہ کے علاقے پنجپائی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ہفتے کو سڑک پر ناکہ بندی کر کے آر آر جی اہلکار سمیت تین پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا۔

پولیس کے مطابق اہلکار کوئٹہ میں تعینات تھے اور ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے، اسی دوران مستونگ کے علاقے درینگڑھ سے ایک اور پولیس اہلکار عبدالرسول سمالانی کو کو ہفتے روز مسلح افراد نے اغوا کرلیا ہے۔

مزید برآں ہفتے کے روز چاغی سے نامعلوم افراد نے قائم مقام ایس ایچ او گل شاہ خان محمد حسنی کو اغوا کر لیا تھا جو تاحال بازیاب نہیں ہوسکے ہیں۔