حب چوکی: پاکستانی رینجرز کا گھر پر چھاپہ، لاپتہ راشد حسین کے کزن حلیم زہری جبری لاپتہ

54

رات گئے پاکستانی فورسز نے حب میں گھر پر دھاوا بولتے ہوئے ایک نوجوان کو جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا۔

حب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق رات گئے رینجرز اور دیگر پاکستانی فورسز اہلکار الہٰ آباد ٹاؤن میں ایک گھر میں داخل ہوئے، جہاں انہوں نے توڑ پھوڑ کی اور وہاں موجود خضدار، زہری کے رہائشی حلیم زہری ولد عبدالقادر کو حراست میں لے کر اپنے ہمراہ نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

حلیم زہری کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتہ قبل بھی پسنی کے قریب پاکستانی فورسز نے انہیں تحویل میں لے کر اپنے ہمراہ منتقل کیا تھا، تاہم بعد ازاں انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق رات گئے رینجرز نے ایک بار پھر انہیں حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا ہے۔

حلیم زہری لاپتہ بلوچ سیاسی کارکن راشد حسین کے چچا زاد ہیں اور ایرانی سرحد پر مزدوری کرتے ہیں، اس سے قبل زہری آپریشن کے دوران پاکستانی فورسز نے ان کے بھائی منان زہری کو بھی جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا تھا۔