پاکستانی فضائی حملوں میں عام افغان شہریوں کی ہلاکت بھارت افغانستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ بھارتی وزارتِ خارجہ کا بیان

41

بھارتی وزارتِ خارجہ نے پاکستانی حملوں پر بیان میں کہا بھارت افغانستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور آزادی کے مکمل احترام کے مؤقف پر قائم ہے۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے پاکستان فوج کی جانب سے افغان سرزمین پر فضائی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں عام شہری، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، رمضان کے مقدس مہینے میں نشانہ بنے جو انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ قبول ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ یہ واقعہ پاکستان کی جانب سے اپنی داخلی ناکامیوں کو بیرونی عوامل کے کھاتے میں ڈالنے کی ایک اور کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور آزادی کے مکمل احترام کے مؤقف پر قائم ہے اور کسی بھی ایسے اقدام کی مخالفت کرتا ہے جو افغان عوام کے امن و استحکام کے خلاف ہو۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت افغانستان کے مشکل حالات میں اس کے ساتھ کھڑا ہے اور خطے میں امن و تعاون کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔