روس میں آتشزدگی،بچوں سمیت48 سے زائد افراد ہلاک

105

روسی حکام نے سائبیریا کے شہر کیمیروو کے ایک شاپنگ سینٹر میں آتشزدگی کے نتیجے میں 48 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ کم از کم 27 افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں جب کہ متاثرین میں کم از کم 41 بچے بھی شامل ہیں۔

میڈیا میں بتایا گیا ہے کہ آگ کی ابتدا ونٹر چیری کمپلیکس نامی ایک شاپنگ سینٹر کی بالائی منزل سے ہوئی۔ اس وقت اس شاپنگ سینٹر میں قائم سینیما ہالز میں بہت سے افراد فلم دیکھ رہے تھے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں لوگوں کو کھڑکیوں سے کودتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ واقعہ اتوار کی شام کو پیش آیا۔

کھڑکیوں سے دھوئیں کے مرغولے باہر آ رہے تھے جبکہ آگ پر قابو پانے والے عملے شاپنگ کمپلیکس کو خالی کرانے میں سرگرم تھے۔

660 کے قریب کارکن امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

کیمیرووُ روس کے دارالحکومت کے مشرق میں ساڑھے تین ہزار کلومیٹر سے زیادہ فاصلے پر کوئلہ پیدا کرنے والا اہم علاقہ ہے۔

آتشزدگی کی وجوہات کا ابھی تک علم نہیں ہو سکا ہے جبکہ حکام نے تفتیش کا حکم جاری کیا ہے۔

آسٹریا کے چانسلر سیبسٹیئن کرز اور لاتویا کے وزیر خارجہ نے آتشزدگی میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔

اس شاپنگ سینٹر کا سنہ 2013 میں افتتاح ہوا تھا۔ اس میں سینیما ہالز کے علاوہ، ریستوراں، ایک ساؤنا باتھ، ایک باؤلنگ ایلی اور بچوں کا ایک چڑیا گھر بھی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق آگ مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے عمارت کے اس حصے میں شروع ہوئی جہاں سینیما ہالز ہیں۔

روس کی تحقیقاتی کمیٹی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ کے سبب دو سینیما ہالز کی چھتیں بیٹھ گئیں۔’

کیمیرووُ علاقے میں ایمرجنسی شعبے کے نائب سربراہ یوجینی ددیوخن نے کہا کہ آگ کی لپیٹ میں 1500 مربع میٹر حصہ آيا۔

انھوں نے کہا: ‘اس جگہ ہنگامی امداد محکمے کے 288 افراد امدادی کاموں میں مشغول ہیں۔ جبکہ 62 آگ بجھانے والے عملے اور ایک فضائی گروپ بھی وہاں موجود ہے۔

‘وہ وہاں لوگوں کی تلاش کر رہے ہیں اور انھیں بچانے کے کام میں مشغول ہیں۔ ہم آگ بجھانے کی تمام تر کوشش کر رہے ہیں۔ شاپنگ سینٹر بہت پیچیدہ عمارت ہے جہاں بہت سی آتش گیر اشیا ہیں۔’

اتار تاس نیوز ایجنسی کے مطابق کیمیروو علاقے کے نائب گورنر ولادیمیر چیرنو نے کہا ہے کہ ایک سینیما ہال سے 13 لاشیں ملی ہیں جبکہ ایمرجنسی سروس نے تقریباً ایک سو افراد کو عمارت سے نکالا ہے۔