بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تمپ کے علاقے گومازی میں ایک نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ریاستی حمایت یافتہ مسلح گروہ، جنہیں عام طور پر “ڈیتھ اسکواڈ” کے نام سے جانا جاتا ہے، ملوث ہیں۔
جان بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت افضل ولد سبزل کے نام سے ہوئی ہے، جو گومازی کا رہائشی تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ نامعلوم افراد نے اُسے اتوار کے روز گھر کے قریب بلایا اور فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
گومازی اور اس کے گرد و نواح میں حالیہ برسوں میں اس نوعیت کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں گومازی سے متصل علاقے ملانٹ میں بھی ایک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں مقامی افراد کے مطابق ڈیتھ اسکواڈ کے کارندے ایک نوجوان کو قتل کرنے کی نیت سے آئے تھے۔ تاہم، علاقہ مکینوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان افراد کو قابو میں کر کے گرفتار کر لیا تھا۔
بلوچستان میں گزشتہ دو دہائیوں سے جاری تحریک کے دوران درجنوں افراد، جن میں سیاسی کارکن، طلبہ اور عام شہری شامل ہیں، تشدد، ٹارگٹ کلنگ اور جبری گمشدگیوں کا شکار ہو چکے ہیں۔ مقامی و بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں ان واقعات پر مسلسل تحفظات کا اظہار کرتی آئی ہیں۔